ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب وژن کے تحت آئندہ کین کرشنگ سیزن کے دوران حادثات کی روک تھام اور ٹریفک کے موثر انتظام کیلئے پیشگی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک کی زیرِ صدارت کین کرشنگ سیزن کے دوران ٹریفک مینجمنٹ اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے دوسرا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ مجاہد عباس، متعلقہ محکموں کے افسران، شوگر ملز انتظامیہ، گنے کے کاشتکاروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ نے اجلاس کو کین کرشنگ سیزن کے حوالے سے اب تک کیے گئے اقدامات، اوور لوڈنگ کی روک تھام، ٹریفک کی روانی اور حادثات سے بچاو کیلئے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ زراعت اور لائیو سٹاک کی جانب سے کاشتکاروں اور متعلقہ افراد میں آگاہی کیلئے میٹنگز کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ اوور لوڈنگ کے نقصانات، ٹریفک قوانین اور محفوظ طریقہ کار سے متعلق مسلسل آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے ہدایت کی کہ کین کرشنگ سیزن شروع ہونے سے قبل تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں مکمل کریں اور گنے سے لدی ٹریکٹر ٹرالیوں کی محفوظ آمدورفت کیلئے ضروری اقدامات پیشگی یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مقررہ وزن سے زائد لوڈنگ حادثات کا بڑا سبب بن سکتی ہے، جبکہ اوور لوڈنگ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے ساتھ انسانی جانوں کو بھی سنگین خطرات لاحق ہوتے ہیں۔انہوں نے شوگر ملز، گنے کے کاشتکاروں اور ٹریکٹر ٹرالی مالکان پر زور دیا کہ مقررہ وزن اور ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی یقینی بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے فیلڈ میں اوور لوڈنگ کے تدارک کیلئے موثر نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور اوور لوڈنگ کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور حفاظتی اقدامات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔




