عوام کو براہ راست ریلیف کی فراہمی اولین ترجیح ہے،ڈپٹی کمشنر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت عوام کو براہِ راست ریلیف کی فراہمی،کرپشن کے خلاف موثر کارروائی اور شہریوں و انتظامیہ کے درمیان فاصلہ کم کرنے کے لئے میونسپل کارپوریشن ہال میں اوپن ڈور پالیسی کے تحت کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق، سٹی پولیس آفیسر تنویر حسین اور ڈائریکٹر اینٹی کرپشن خالد مسعود فروکہ نے شہریوں کی درخواستیں سنیں اور ان کے مسائل و شکایات کا براہِ راست جائزہ لیا۔ کھلی کچہری کے دوران شہریوں کی جانب سے مجموعی طور پر 236درخواستیں پیش کی گئی۔اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز،اسسٹنٹ کمشنرز،پولیس،میونسپل کارپوریشن،ضلع کونسل،ستھرا پنجاب،واسا،کالجز،پی ایچ اے،ایف ڈی اے سمیت دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق شہریوں کو ان کی دہلیز پر ریلیف کی فراہمی اور ان کے مسائل کا بروقت ازالہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ کھلی کچہری کا مقصد شہریوں کو براہِ راست افسران تک رسائی فراہم کرنا اور ان کی شکایات کے حل کے لیے موثر فورم مہیا کرنا ہے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کھلی کچہری میں موصول ہونے والی درخواستوں پر میرٹ، شفافیت اور مقررہ مدت کے اندر کارروائی یقینی بنائی جائے اور شہریوں کو ان کی درخواستوں پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل میں غفلت یا غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔سٹی پولیس آفیسر تنویر حسین نے بھی شہریوں کی جانب سے پیش کی جانے والی پولیس سے متعلق درخواستیں اور شکایات سنیں اور متعلقہ پولیس افسران کو قانون کے مطابق کارروائی اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو انصاف کی فراہمی، قانون کی بالادستی اور ان کی شکایات کا بروقت ازالہ پولیس کی ذمہ داری ہے۔ڈائریکٹر اینٹی کرپشن خالد مسعود فروکہ نے بھی شہریوں کی جانب سے کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور دیگر متعلقہ معاملات سے متعلق درخواستیں سنیں اور متعلقہ افسران سے ضروری کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں سے متعلق اپنے مسائل پیش کئے۔ افسران نے موقع پر ہی درخواستوں کا جائزہ لیا اورانکے حل کیلئے احکامات جاری کئے۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی شکایات کے ازالے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کی براہِ راست رسائی کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام اور انتظامیہ کے درمیان براہِ راست رابطہ مسائل کے فوری حل میں معاون ثابت ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی تاکہ کسی درخواست کو بلاوجہ التوا کا شکار نہ ہونے دیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں