پاکستان چین میں تجارت فروغ کیلئے اہم پیشرفت

لاہور( بیورو چیف)پاکستان نے ایک نئے تجارتی راستے سے چین کو کامیابی کے ساتھ 80 ٹن خشک مرچیں برآمد کی ہیں جس سے کرایہ کی مد میں فی میٹرک ٹن 140 ڈالر تقریبا 40 ہزار روپے کی بچت ہوئی اور ترسیل کے وقت میں 7 سے 10 دن کی کمی بھی واقع ہوئی ہے۔ پاکستان سے اعلی معیار کی 80 میٹرک ٹن سے زائد خشک مرچوں پر مشتمل پہلی کھیپ نیو انٹرنیشنل لینڈ سی ٹریڈ کوریڈور کے ذریعے چین کے چینگدو انٹرنیشنل ریلوے پورٹ پہنچ گئی ہے۔ آٹھ کنٹینرز پر مشتمل یہ کھیپ گوانگ شی ڑوانگ خودمختار خطے کی چِن ڑو بندرگاہ کے راستے چین میں داخل ہوئی جس کے بعد اسے سمندری و ریلوے مشترکہ نقل و حمل کے ذریعے چینگ دو منتقل کیا گیا۔ زرعی تعاون کے منصوبے کے تحت چین پہنچنے والی پہلی کھیپ ہے جس سے زرعی مصنوعات کے لیے ایک نئی سرحد پار لاجسٹک راہداری کھل گئی ہے اور چین پاکستان زرعی و تجارتی تعاون کو نئی جہت ملی ہے۔چینی حکام کے مطابق روایتی راستوں کے مقابلے میں نئے نظام سے مجموعی لاجسٹک اخراجات میں نمایاں کمی اور وقت کی بچت ممکن ہوئی ہے۔ روایتی طور پر درآمدی مرچیں شمالی بندرگاہوں سے چین پہنچ کر ملک بھر کی منڈیوں میں تقسیم کی جاتی تھیں جبکہ نئے نظام کے تحت سامان براہ راست چینگ دو منتقل کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق پہلے آٹھ کنٹینرز کی کامیاب آمد کے بعد مزید 900 میٹرک ٹن سے زائد پاکستانی خشک مرچیں چین روانہ کی جا رہی ہیں جبکہ اس سروس کو باقاعدہ بنیادوں پر چلانے کی توقع ہے۔چینی حکام کے مطابق سیچوان اور چونگ چِنگ بڑے صارفین کی منڈیاں ہونے کے باوجود طویل عرصے سے بڑے پیمانے پر خصوصی تقسیم کار مرکز سے محروم تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں