فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی پی او تنویر حسین کی ہدایت پر ضلعی پولیس نے منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے رواں سال کے دوران 86 خواتین 3573 بدنام منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے کروڑوں روپے مالیت کی آئس’ ہیروئن’ چرس اور افیون وغیرہ برآمد کر لی۔ تفصیل کے مطابق سی پی او تنویر حسین نے نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنے کیلئے ضلعی پولیس کو منشیات کے ناسور سے نمٹنے کا ٹاسک دیا جس پر پولیس نے رواں سال کے دوران بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے بدنام زمانہ ڈرگ ڈیلر ان کے سہولت کاروں اور خواتین منشیات فروشوں کو قابو کیا۔ منشیات کا دھندہ کرنے والے 3573 ڈرگ ڈیلر اور ان کی 86خواتین منشیات فروشوں کو قابو کر کے ان کے قبضہ سے 1701 کلو گرام چرس’ 87 کلو آئس’ 480 کلو ہیروئن’ 16 کلو افیون’ 2896کلو بھکی’ 4038 لیٹر لہن’ 49666 بوتل شراب برآمد کی گئیں جبکہ ضلع بھر سے پکڑی جانیوالی خواتین منشیات فروشوں سے 85 کلو چرس’ 25 کلو ہیروئن’ 11 کلو آئس’ 25 کلو بھکی’ لہن اور 450 لیٹر سے زائد شراب برآمد کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو محفوظ مستقبل دینے کیلئے منشیات فروشوں کا قلع قمع ضروری ہے اور بلاامتیاز کریک ڈائون جاری رہے گا۔




