فیصل آباد،لاہور (سٹاف رپورٹر،بیو رو چیف)آسٹریلیا کے ہائی کمشنر برائے پاکستان ٹموتھی کین نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جدید دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدے پر مذاکرات رواں سال دسمبر تک مکمل ہو جائیں گے،یہ معاہدہ پاکستان میں آسٹریلوی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ایک اہم قدم ثابت ہوگا،پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 1998 سے دوطرفہ سرمایہ کاری کا معاہدہ موجود ہے دونوں ممالک کی معاشی ضروریات کیمطابق اس معاہدے کو جدید بنانے کی ضرورت ہے۔جدید معاہدے کی تکمیل سے آسٹریلوی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے مثبت پیغام ملے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ آسٹریلیا کا ایک زرعی وفد فیصل آباد کا بھی دورہ کرے گا۔آسٹریلوی ہائی کمشنر نے لائیو اسٹاک اور ڈیری کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک ایک لاکھ سے زیادہ آسٹریلوی مویشی پاکستان بھیجے جا چکے ہیں، جن میں سے زیادہ تر پنجاب آئے ہیں۔




