فیصل آباد( سٹاف رپورٹر) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا ہے کہ صحت کے شعبہ میں کام کرنیوالی غیر منافع بخش تنظیموں سے ہر ممکن تعاون کیا جائیگا۔ وہ آج فیصل آباد چیمبر اور لائل پور ڈیابیٹیز فاؤنڈیشن (Foundation Diabetes Lyallpur) کے اشتراک سے منعقد ہونیوالے ایک آگاہی سیشن سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ذیابیطس کا مرض تیزی سے پھیل رہا ہے اور اس کے بارے میں آگاہی، تعلیم اور علاج کیلئے اس فائونڈیشن کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر پہلے صرف بزنس کمیونٹی کے مسائل پر توجہ دے رہا تھا مگر اب سوشل کارپوریٹ ذمہ داریوں پر بھی بھر پور توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کیلئے صنعتو ں کا کردار مسلمہ ہے۔ جب صنعتیں معیشت کی ترقی کیلئے کام کرتی ہیں تو برآمدات بڑھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تجارتی خسارہ 39ار ب ڈالر ہے جس کے ساتھ ترقی کرنا مشکل ہے۔ انہوںنے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کا ہر شہری وطن عزیز کیلئے کام کرے اور اپنے انفرادی معاملات سے پہلے پاکستان کا سوچے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو بزنس کمیونٹی کے حقیقی سٹیک ہولڈرز کو لوپ میں لینا ہوگا تاکہ ہم مل کر ملک کی ترقی ، خوشحالی اور بہتری کیلئے کام کر سکیں۔ لائل پور ڈیابیٹیز فاؤنڈیشن کے بانی اور صدرڈاکٹر احمد شہزاد نے کہا کہ پاکستان کی 25کروڑ آبادی میں سے صرف 5کروڑ کے لگ بھگ صحتمند افراد ہیں جن کو دوسروں کی بیماریوں کا مالی بوجھ بھی اٹھانا پڑرہا ہے۔ انہوں نے فائونڈیشن کے اغراض و مقاصد بیان کیے اور بتایا کہ ہمیں صحتمند طرز زندگی کے بارے میں شعور پیدا کرنا ہے کیونکہ اس وقت پاکستان ذیابیطس کے مرض میں دنیا بھر میں پہلے نمبر پر ہے۔ انہوں نے چیمبر کے صدر سے کہا کہ انہوں نے مختلف فیکٹریوں میں سکریننگ کیمپ لگائے جن سے پتہ چلا کے اُن میں ایک بڑی تعداد اس مرض میں مبتلا ہے یا وہ اس بیماری کا شکار ہونے والے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فائونڈیشن نے پنجاب میڈیکل یونیورسٹی کے اشتراک سے پاکستان بھر میں ذیابیطس کا پہلا دو سالہ ڈپلومہ کورس شروع کیا جس کے فارغ التحصیل طلبہ اس سال سے لوگوں کو ضروری سہولتیں مہیا کرنے کا سلسلہ شروع کریں گے ۔




