حکومت پنجاب کا بنیادی مقصد عوام اور سرکاری اداروں کے درمیان فاصلے کم کرنا ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری نے حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں سے براہِ راست ملاقات کی اور ان کے مختلف نوعیت کے مسائل، شکایات اور درخواستوں کو تفصیلی طور پر سنا۔ ڈائریکٹر آئی ٹی/ ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن یاسر اعجاز چٹھہ و دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔ مختلف علاقوں سے آئے ہوئے شہریوں نے ایف ڈی اے سے متعلقہ امور، نقشہ جات و جائیدادوں کی کمرشلائزیشن کی منظوری، پراپرٹی معاملات، ہائوسنگ سکیموں، ترقیاتی امور اور دیگر مسائل کے بارے میں اپنی درخواستیں پیش کیں۔ ڈائریکٹر جنرل نے شہریوں کی شکایات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران سے موقع پر ہی رپورٹس طلب کیں اور قابلِ عمل درخواستوں پر مقررہ مدت کے اندر کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کا بنیادی مقصد عوام اور سرکاری اداروں کے درمیان فاصلے کم کرنا، شہریوں کو براہِ راست شنوائی کا موقع فراہم کرنا اور ان کے مسائل کا بروقت حل یقینی بنانا ہے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے مزید کہا کہ شہریوں کو بہتر اور شفاف خدمات کی فراہمی کے لیے دفتری نظام کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، ایف ڈی اے میں جدید ٹیکنالوجی اور ون ونڈو سہولیات کے ذریعے شہریوں کے لیے دفتری معاملات کو مزید آسان بنایا جا رہا ہے تاکہ انہیں ایک ہی چھت تلے زیادہ سے زیادہ خدمات میسر آ سکیںانہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی درخواستوں پر محض رسمی کارروائی کے بجائے عملی پیش رفت یقینی بنائی جائے اور ہر درخواست کو مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق میرٹ پر تیزی سے نمٹائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل میں غفلت، غیر ضروری تاخیر یا شہریوں کو دفاتر کے غیر ضروری چکروں میں ڈالنے کے منفی فعل کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ فورمز سے رجوع کریں اور غیر قانونی ذرائع یا غیر متعلقہ افراد پر انحصار کرنے سے گریز کریں۔ ایف ڈی اے شہریوں کے جائز مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا اور عوامی خدمت کے عمل کو مزید موثر، تیز رفتار اور شفاف بنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں