سرگودھا (بیوروچیف) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کی ہدایت پر محکمہ تحفظ ماحولیات کی جانب سے انسدادِ سموگ مہم کے تحت ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے سٹون کرشنگ یونٹس کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ تحفظ ماحولیات محمد رانا کی نگرانی میں چک نمبر 116 جنوبی میں کارروائی کرتے ہوئے ماحولیاتی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر چار اسٹون کرشنگ یونٹس سیل کر دیے گئے، جبکہ ہر یونٹ کو ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ سیل کیے گئے یونٹس میں عبدالقدیر خان نیازی اسٹون کرشنگ پلانٹ، نارووال سٹون کرشر، حذیفہ اسٹون کرشر اور شاہین سٹون کرشنگ پلانٹ شامل ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات نے کہا ہے کہ سموگ اور فضائی آلودگی کے خاتمے کے لیے صنعتی و تجارتی یونٹس کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ سموگ کی روک تھام اور شہریوں کو صاف و صحت مند ماحول کی فراہمی کے لیے تمام قانونی اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
٭٭٭٭٭




