فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد کالج آف لاء کے زیر اہتمام ماہ ربیع الاول کے بابر کت سلسلہ میں محفل میلاد النبی ۖ کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت کالج کے ڈائریکٹر میاں عامر یوسف نے کی۔ تلاوت قرآن پاک کے بعد کالج کے طلبا علی عباس، مبین شوکت، اذان حیات، محمد ابراہیم، محمد برکت، محمد رویل اور معروف نعت خواں صدارتی ایوارڈ یافتہ قاسم حسان نے عقیدت و محبت کے ساتھ نعت رسول مقبول ۖ پیش کر کے محفل کو معطر کیا۔تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر نعمان یوسف تھے۔ اس موقع پر فیکلٹی ممبران محترمہ ایمن مشتاق اور اقدس بھی موجود تھے۔پرنسپل اور اساتذہ نے سیرت النبی ۖ کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم ۖ کی حیات طیبہ پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے۔ آپ ۖ نے امن، بھائی چارے، عدل و انصاف اور انسانیت کی خدمت کا درس دیا۔مقررین کا کہنا تھا کہ آج کے پر فتن دور میں سیرت نبوی ۖ پر عمل پیرا ہو کر ہی معاشرے میں سدھار لایا جا سکتا ہے۔ طلبا کو چاہیے کہ وہ تعلیم کے ساتھ اسلامی اقدار اور اخلاقیات کو بھی اپنائیں۔محفل کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔




