تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوںکی مدد اجتماعی ذمہ داری ہے

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)سینئر نیوز اینکر پرسن سہیل وڑائچ نے سندس فانڈیشن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایڈمنسٹریٹر سندس فانڈیشن محمد کاشف پرویز کے ہمراہ تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں میں تحائف تقسیم کیے۔ اس موقع پر بچوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے مہمان خصوصی کا پرتپاک استقبال کیا۔ ایڈمنسٹریٹر سندس فانڈیشن محمد کاشف پرویز نے سینئر نیوز اینکر پرسن سہیل وڑائچ کو تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں سے ملوایا اور فانڈیشن میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور دیگر خدمات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے مہمان خصوصی کو سندس فانڈیشن کی لیبارٹری کا دورہ بھی کروایا، جہاں انہیں تھیلیسیمیا کے مریضوں کے لیے کیے جانیوالے مختلف ٹیسٹوں اور طبی سہولیات سے متعلق بریفنگ دی گئی ۔ بعدازاں سہیل وڑائچ نے سندس فانڈیشن کے سینئر ڈاکٹرز سے بھی ملاقات کی اور تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کے علاج، دیکھ بھال اور انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے فانڈیشن کی جانب سے تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے کی جانیوالی خدمات کو سراہا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سہیل وڑائچ نے کہا کہ تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کی مدد اور ان کی حوصلہ افزائی ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ ایسے بچوں کے چہروں پر خوشی لانے کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے سندس فانڈیشن کی جانب سے تھیلیسیمیا کے مریضوں کو علاج اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے اقدامات کو قابل تحسین قرار دیا۔ محمد کاشف پرویز نے کہا کہ سندس فانڈیشن تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کو علاج اور ضروری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات اور معاشرے کے دیگر طبقات کے تعاون سے ان بچوں کی زندگیوں میں مزید آسانیاں پیدا کی جا سکتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں