اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے خوفناک پھیلائو کا انکشاف ہوا ہے،ملک میں ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 10لاکھ سے تجاوز کرگئی۔ وزیراعظم انسدادِ ہیپاٹائٹس پروگرام کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیا داوڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ پروگرام کا آغاز اسلام آباد سے کردیا گیا ہے،جس کے تحت 12 سال سے زائد عمر کے ہر شہری کی اسکریننگ کی جائے گی۔ڈاکٹرضیا داوڑ کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر 16 کروڑ افراد کی ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ کی جائیگی، اسلام آباد میں تقریبا 17 لاکھ افراد کی اسکریننگ ہوگی،تمام وفاقی ملازمین کے بھی ہیپاٹائٹس سی ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پروگرام کے تین مراحل میں اسکریننگ، ٹیسٹنگ اورعلاج شامل ہیں،تشخیص اور علاج کے تمام اخراجات حکومت برداشت کریگی، فی مریض اسکریننگ اورٹیسٹنگ پرساڑھے 7 ہزار روپے تک، علاج پر تقریباً 64ہزار روپے خرچ کا تخمینہ ہے۔ ڈاکٹر ضیا داوڑ نے کہا کہ ایئرپورٹس پر بھی تمام مسافروں کی ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ کی جائے گی، جبکہ 18 سرکاری اسپتالوں میں اسکریننگ اور علاج کی سہولت فراہم کردی گئی ہے، ٹیسٹ نہ کرانے والے وفاقی ملازمین کی تنخواہیں روکنے کی سفارش بھی کی جائے گی۔




