صوبہ کو ڈینگی فری بنانا ترجیح ہے،خواجہ عمران نذیر صوبائی وزیر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے فیصل آباد کا دورہ کیا اورکمشنر آفس میں انسداد ڈینگی اقدامات پر عملدرآمد بارے اعلی سطح اجلاس کی صدارت کی۔ کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ڈویژن میںانسداد ڈینگی سرگرمیوں،سرویلنس،ہاٹ سپا ٹس کی انسپکشنزاورانسدادی اقدامات بارے بر یفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ صوبہ کو ڈینگی فری بنانا ترجیح ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر وہ ڈویژن کے دورے کرکے اقدامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے ارکان اسمبلی و مسلم لیگی رہنمائوں سے کہا کہ وہ تحصیل ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کریں جبکہ ضلعی ایمرجنسی رسپانس کمیٹی میں بھی شمولیت یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ سرگرمیوں میں ہیلتھ اتھارٹی کی معاونت اور شہریوں کی آگاہی کے لئے موثر اقدامات کریں۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کے ساتھ نجی ہسپتالوں اور لیبارٹریز سے بھی ڈینگی کے ممکنہ مریضوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ طالب علموں کو گھروں میں ڈینگی لاروا کی افزائش کے مقامات کی چیکنگ اور صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنے پر مشتمل سوالنامہ دیں۔طالب علم سوالنامہ مکمل کرکے واپس کریں تاکہ احساس ذمہ داری ہو۔خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ مشترکہ اقدامات سے اس بار بھی ڈینگی کو شکست دینی ہے۔کمشنر نے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن کو آئندہ سیزن میں بھی ڈینگی فری بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔انہوں نے ڈپٹی کمشنرز اور ہیلتھ اتھارٹیز کو ہدایت کی کہ ارکان اسمبلی و مسلم لیگی رہنماں کو انسداد ڈینگی مہم میں شریک رکھیں۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اور سی ای اوز ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی نے بریفنگ دی اور بتایا کہ انسدادی اقدامات کے ساتھ عوامی آگاہی کے لئے تشہیر کے تمام تر ذرائع بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ارکان اسمبلی نے کہا کہ ڈینگی کا موسم شروع ہو رہا ہے ہاٹ سپاٹس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور ہیلتھ اتھارٹی کی معاونت یقینی اور شہریوں کی آگاہی میں فرنٹ فٹ پر موجود رہیں گے۔ارکان اسمبلی میاں طاہر جمیل،آزاد علی تبسم،رانا احمد شہریار،عظمی جبیں راجہ،مسلم لیگی رہنما فقیر حسین ڈوگر ودیگر شریک تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں