فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) واسا کا ایریا انسپکٹر 20ہزار روپے رشوت لیتے گرفتار’ سرکل انسپکٹر اینٹی کرپشن نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق شہری اسد علی نے اینٹی کرپشن پولیس کو درخواست گزارتے ہوئے بتایا کہ اس کے گھر میں واسا کا بل ایک لاکھ سے زائد آیا اور وہ کم کروانے کیلئے دفتر گیا تو وہاں پر ان کے علاقہ کے ایریا انسپکٹر زاہد سے ملاقات ہوئی۔ اس کو بل کم کروانے کا کہا تو اس نے کہا کہ 20 ہزار روپے دو تو بل معاف کروا دونگا جبکہ وہ رشوت دینا نہ چاہتا ہے۔ محمد اسد نے واسا انسپکٹر زاہد کو رشوت دینے کیلئے ستیانہ روڈ ندیم کیفے پر بلایا اور چائے پیتے ہوئے رقم دے رہا تھا کہ سرکل انسپکٹر اینٹی کرپشن رانا راشد نے مجسٹریٹ یاسر عرفات کے ہمراہ چھاپہ مار کر 20ہزار روپے رشوت وصول کرتے واسا انسپکٹر کو گرفتار کر لیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔




