فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ صدر سمندری کے علاقہ 473 گ ب کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں دو ریکارڈیافتہ ڈاکو ہلاک جبکہ ان کے دو ساتھی موقع سے فرار ہو گئے، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او تھانہ صدر سمندری عدنان احمد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ 473 گ ب کے قریب ناکہ پر مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی اور فرار ہوئے تو پولیس نے تعاقب کرتے ہوئے جوابی فائرنگ بھی کی۔ تاہم فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو دو ملزم زخمی حالت میں پڑے تھے۔ جنہوں نے اپنا نام آصف اقبال ولد اعجاز سکنہ کرامت آباد اور شکیل ولد اقبال سکنہ 63 گ ب بتایا جن کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، جو کہ ریکارڈیافتہ اور درجنوں وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔ تاہم پولیس نے نعش ہسپتال منتقل کر کے ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔




