فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) انجمن تاجران صادق مارکیٹ ریلوے روڈ کے زیر اہتمام محفل میلاد مصطفیۖ کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت آرائیں ایسوسی ایشن پنجاب کے نائب صدرو سٹی صدر آرائیں ایسوسی ایشن میاں امجد اقبال نے کی’ محفل میلاد میں آرائیں ایسوسی ایشن فیصل آباد کے چیئرمین میاں جاوید اقبال ایڈووکیٹ’ صدر آرائیںایسوسی ایشن یوتھ ونگ پاکستان ڈاکٹر میاں ابوبکر جواد’ جنرل سیکرٹری آرائیں ایسوسی ایشن یوتھ ونگ پاکستان’ نائب صدر انجمن تاجران صادق مارکیٹ ‘ جنرل سیکرٹری میاں شکیل احمد’ علامہ آصف رضاقادری’ ایف سی سی آئی میں چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی سہیل بٹ’ ریلوے روڈ کے جنرل سیکرٹری آفتاب بٹ’ میاں اعجاز’ ڈاکٹر زاہد’ میاں شکیل’ مہر محمد یوسف’ میاں منیر احمد کے علاوہ صادق مارکیٹ ریلوے روڈ کے دکانداروں’ ملازموں اور مزدوروں نے بھرپور انداز میں شرکت کی’ محفل میلاد مصطفیۖ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مفتی محمد فاروق القادری نے کہا کہ تاجدار مدینہ حضرت محمد مصطفی ۖ کی آمد سے تاریک دل جگمگا اٹھے بے سہاروں کو سہارا مل گیا انسانیت کو جینے کا سلیقہ مل گیا ‘ حضور نبی اکرم ۖ تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجے گئے۔ آپ ۖ کی امن اور محبت پر مبنی تعلیمات پوری انسانیت کیلئے ہیں’ محبت رسول اور عشق مصطفی ۖ کو اُجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے’ ہمیں چاہے کہ نبی آخرالزمان کے اسوہ حسنہ کے مطابق اپنی زندگی کو ڈھالیں اور درود وسلام کے نذارنے پیش کرنا اپنا معمول بنا لیں تاکہ ہمارا شمار بھی عاشقان مصطفیۖ میں ہو’ محفل میلاد ۖ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے آرائیں ایسوسی ایشن پنجاب کے نائب صدرو سٹی صدر آرائیں ایسوسی ایشن میاں امجد اقبال نے کہا کہ آقائے دوجہاں ۖ کی آمد سے دنیا میں جہالت کے اندھیر ے چھٹ گئے’ انہوں نے کہا کہ دنیا وآخرت میں کامیابی کے لئے نبی کریم ۖ کے نقش قدم پر چلنا ہوگا ،بلاشبہ دین حق کے رستے پر چلنے والے ہی فلاح پائیں گے ‘ مقررین نے کہا کہ آقا علیہ السلام کا میلاد منانادنیا کی تمام خوشیوں سے افضل ہے’آپۖ رحمت اللعالمین بن کر تشریف لائے اور دنیا پر چھائے جہالت کے اندھیروں کو اپنی رحمت سے دور کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم خوش نصیب ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں حضورۖ کا امتی بنا کر پیدا کیا ورنہ پچھلی امتوں کے انبیاء اکرم دعائیں کرتے رہے ہیں کہ یااللہ ہم سے ہماری نبوت واپس لے لو اور ہمیں اپنے آخری نبیۖ کے امتی بنا کر دو’ روح پرور میلاد کی محفل میں نعت خواں حضرات نے عقیدت کے پھول نچھاور کئے’ اس موقع پر شہر کے مشہور نعت خواں حضرات نے گلہائے عقیدت پیش کئے’ آخر میں ملک و ملت اور آخرت میں فلاح کے حصول کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔




