فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) نجی شعبے کے حوالے کئے گئے پارکوں کی ابتر صورتحال کے باوجود ڈویژنل کمشنر فیصل آباد کا مزید پارکوں کی ذمہ داری پرائیویٹ افراد کو دینے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق ڈی گرائونڈ پارک اور مدینہ پارک مدینہ ٹائون سمیت فیصل آباد شہر کے متعدد پارکوں کو نجی اور کارپوریٹ شعبے کے حوالے کیا گیا تھا، ان پارکوں میں چاردیواری’ لائٹس’ واش رومز’ جوگنگ ٹریکس کی بہتری اور باغبانی نجی شعبے کی ذمہ داری تھی مگر نجی شعبے کو دیئے گئے پارکوں کی حالت پہلے سے بھی ابتر ہو گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور پی ایچ اے کی جانب سے ان پارکوں کی مانیٹرنگ نہ ہونے کے باعث وہاں گھاس اور پودے خشک ہو چکے ہیں جوگنگ ٹریکس کا انتہائی برا حال ہے، نجی افراد کی جانب سے ان پارک کی دیکھ بھال نہیں کی جا رہی ہے۔ ان پارکوں پر توجہ دینے کی بجائے ڈویژنل کمشنر عمران حامد شیخ نے پنجاب حکومت کی ”پارک اپنائیں” پالیسی کے تحت مزید پارک نجی شعبہ کے حوالے کرنے کا اعلان کر دیا ہے اور رجسٹریشن کی آخری تاریخ 20 ستمبر مقرر کی گئی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ جو پارک پہلے نجی شعبہ کو دیئے گئے ہیں، ان کی صورتحال بہتر بنانے کی طرف توجہ دی جائے ناکہ مزید پارک نجی شعبہ کے حوالے کر کے ان کی حالت بگاڑ دی جائے۔




