لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) کیا کینسر جیسے جان لیوا مرض سے خود کو محفوظ رکھنا چاہتے ہیں؟ تو ایسا بہت آسانی سے ممکن ہے۔بس بیٹھنے کے وقت میں محض 15 منٹ کی کمی لاکر آپ اس جان لیوا مرض سے متاثر ہونے کا خطرہ کم کرسکتے ہیں۔یہ بات برطانیہ میں ہونیوالی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔لندن کالج یونیورسٹی کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ سست طرز زندگی یا بیٹھ کر گزارے جانے والے وقت میں 15 منٹ کی کمی سے کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ 2 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔اس تحقیق میں 59 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا جن کی اوسط عمر 61 سال تھی۔ان افراد کی روزمرہ کی جسمانی سرگرمیوں کو اسمارٹ واچز کے ذریعے ٹریک کیا گیا۔اس کے بعد ان کی صحت کا 8 سال تک جائزہ لیا گیا جس دوران 2385 کینسر کے کیسز سامنے آئے۔محققین کے تیار کردہ ماڈلز کے ذریعے یہ تجزیہ کیا گیا کہ روزمرہ کی جسمانی سرگرمیوں سے کینسر کے خطرے پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔اس سے قبل بھی تحقیقی رپورٹس میں یہ بات سامنے آچکی ہے کہ جسمانی طور پر زیادہ متحرک رہنے سے کینسر کی متعدد اقسام بشمول مثانے، بریسٹ، آنتوں، گردوں اور معدے کے کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔اس نئی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ لوگ جتنا زیادہ جسمانی طور پر متحرک ہوتے ہیں، کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ اتنا کم ہو جاتا ہے۔مثال کے طور پر بیتھنے کے وقت میں 15 منٹ کم کرکے کسی قسم کی جسمانی سرگرمی کو معمول بنانے سے کینسر کا خطرہ 2 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔اگر اس وقت کو 30 منٹ تک کم کیا جائے تو کینسر کا خطرہ 8 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔محققین نے بتایا کہ ضروری نہیں کہ آپ زیادہ ورزش کرنا شروع کر دیں بلکہ روزمرہ کی سرگرمیاں جیسے گھر کا سودا سلف لانا یا لفٹ کی جگہ سیڑھیوں کا استعمال کینسر کا خطرہ کم کرتا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ جو لوگ بہت زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں، ان میں کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔اس تحقیق کے نتائج جرنل بی ایم سی میڈیسن میں شائع ہوئے۔




