فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) پنجاب چوہدری عبدالحمید مدت ملازمت مکمل ہونے پر ریٹائر ہوگئے۔ان کے اعزاز میں پروقار الوداعی عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں محکمہ زراعت توسیع، محکمہ زرا عت (فروٹ اینڈ ویجیٹیبل) اور محکمہ تحقیق کے افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر افسران نے چوہدری عبد الحمید کی 36 سالہ شاندار، مخلصانہ اور قابلِ قدر محکمانہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین نے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، دیانت داری، اعلی کردار، خوش اخلاقی، مثبت رویے اور مثالی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے طویل کیریئر کے دوران محکمہ زراعت اور کاشتکار برادری کی خدمت میں نمایاں کردار ادا کیا۔شرکا نے خصوصی طور پر ان کی شفیق، ہمدرد اور انسان دوست شخصیت کو سراہا۔ ان کا مثبت طرزِ عمل، ہر ایک سے خندہ پیشانی سے ملنا، ساتھی افسران اور ماتحت عملے کی فلاح و بہبود کا خیال رکھنا اور ایک سرپرست کی حیثیت سے رہنمائی کرنا ان کی شخصیت کے نمایاں اوصاف قرار دیے گئے۔چوہدری عبد الحمید کی زیرِ نگرانی ٹڈی دل کے انسداد کے پروگرام سمیت وزیر اعلی پنجاب کے اہم زرعی اقدامات، بالخصوص پنجاب کسان کارڈ، گرین ٹریکٹر سکیم اور ایگریکلچر گریجویٹس انٹرن شپ پروگرام کے موثر نفاذ میں ان کی خدمات کو خصوصی طور پر سراہا گیا۔ مقررین نے کہا کہ ان کی انتھک محنت، تجربے اور قائدانہ صلاحیتوں نے محکمہ زراعت کی کارکردگی اور کاشتکاروں کی خدمت کے عمل میں نمایاں بہتری پیدا کی۔تقریب کے اختتام پر چوہدری عبد الحمید کو ان کی گراں قدر 36 سالہ خدمات کے اعتراف میں شیلڈ آف آنر پیش کی گئی۔ افسران نے ان کے لیے نیک تمناں کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی انہیں ریٹائرمنٹ کے بعد کی زندگی میں صحت، خوشی، سکون، عزت اور کامیابی عطا فرمائے اور ان کی زندگی کا یہ نیا سفر خوشیوں اور اطمینان سے بھر دے۔




