جڑانوالہ (نامہ نگار) وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال بدر چوہدری نے کہا کہ صحافت معاشرے کا اہم ستون ہے اور علاقائی مسائل کی نشاندہی میں بچیانہ پریس کلب کا کردار قابل تحسین ہے۔حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز قصرِ نور بینکوئٹ ہال میں اپنے بھائی ایم این اے میاں بلال بدر چوہدری کے ہمراہ بچیانہ پریس کلب رجسٹرڈ کے وفدالحاج میاں محمد رفیق طاہر،عابد حسین ملک،اور سید مقدس حسین زیدی سمیت دیگر اہم علاقائی شخصیات سے خصوصی ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں علاقہ کی سیاسی و سماجی صورتحال اور علاقائی ترقیاتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایم این اے میاں بلال بدر چوہدری نے کہا کہ علاقے کی تعمیر و ترقی اور عوام کے درپیش مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے۔ بچیانہ اور گردونواح میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آسکیں۔ملاقات کے اختتام پر وفد کے ارکان نے عوامی مسائل کی جانب توجہ دلانے پر وزرا کا شکریہ ادا کیا اور علاقائی بہتری کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔




