کمالیہ میں 24ایکڑ پر قائم تحصیل سپورٹس کمپلیکس 5برس بعد بھی غیر فعال

کمالیہ(نامہ نگار)چوبیس ایکڑ پر قائم تحصیل اسپورٹس کمپلیکس پانچ برس بعد بھی غیر فعال، گرانڈ میں مویشی بندھے جانے لگے تحصیل کمالیہ میں چوبیس ایکڑ رقبے پر قائم کیا جانے والا تحصیل سپورٹس کمپلیکس پانچ برس گزرنے کے باوجود مکمل طور پر فعال نہ ہوسکا، کروڑوں روپے خرچ ہونے کے باوجود کھیلوں کا یہ اہم منصوبہ ویرانی کا منظر پیش کرنے لگا ہے ۔ گرائونڈ میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے بجائے مویشی باندھے جانے کی شکایات بھی سامنے آنے لگی ہیں۔ذرائع کے مطابق تحصیل سپورٹس کمپلیکس کے قیام کے لیے مذکورہ گرائونڈ 2022 میں اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے حوالے کیا گیا تھا۔ منصوبے پر تقریبا 10 کروڑ روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا، جس کے تحت پویلین، کرکٹ اور فٹ بال گرانڈ، واکنگ ٹریک، باسکٹ بال اور بیڈمنٹن کورٹس سمیت دیگر کھیلوں کی سہولیات فراہم کی جانی تھیں۔تاہم متعدد سال گزرنے کے باوجود منصوبہ مکمل نہ ہوسکا۔ تعمیر شدہ اور زیر تعمیر حصوں کی مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث کمپلیکس کی حالت بھی ابتر ہوتی جا رہی ہے ، جبکہ گرائونڈ کے بعض حصوں میں لوگوں کی جانب سے مال مویشی باندھے جانے سے شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ڈسٹرکٹ اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث کمپلیکس کا باقی ماندہ کام رکا ہوا ہے ، تاہم کمپلیکس کا کچھ حصہ کھیلوں کے لیے فعال ہے اور دستیاب سہولیات سے استفادہ کیا جا رہا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کے لیے کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے ، لیکن کروڑوں روپے خرچ ہونے کے باوجود منصوبے کا مکمل فعال نہ ہونا قابلِ تشویش ہے ۔ انہوں نے وزیراعلی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ اس منصوبے پر خرچ ہونے والی رقم کا مکمل آڈٹ کرایا جائے ، کام میں تاخیر کی وجوہات کا تعین کیا جائے اور تحصیل اسپورٹس کمپلیکس کو فوری طور پر مکمل اور بحال کرکے نوجوانوں کو کھیلوں کی تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں