فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) سی ایم پنجاب یوتھ گیمز 2026 کے تحت کھیلوں کے شاندار فیسٹیول کی تیاریاں جاری ہیں جبکہ کھلاڑیوں اور تعلیمی اداروں کی آن لائن رجسٹریشن کا عمل 25 ستمبر تک جاری رہے گا۔تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کے زیر اہتمام یوتھ گیمز میں سرکاری و نجی تعلیمی اداروں، دینی مدارس، کالجز، جامعات، خصوصی افراد اور دیگر نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ مقابلوں کا آغاز ادارہ جاتی ٹرائلز سے 7 اکتوبر کو ہوگا، جس کے بعد یونین کونسل، تحصیل، ضلع اور ڈویژن کی سطح پر مقابلے منعقد ہوں گے جبکہ صوبائی فائنلز یکم سے 5 دسمبر 2026 تک ہوں گے۔یوتھ گیمز میں ایتھلیٹکس، کرکٹ، بیڈمنٹن، کبڈی، فٹبال، ہاکی، والی بال، باسکٹ بال، ریسلنگ، کراٹے، تائیکوانڈو، ٹیبل ٹینس، شطرنج، ای سپورٹس سمیت مختلف کھیل شامل ہیں جبکہ خصوصی افراد کے لیے بھی الگ مقابلے رکھے گئے ہیں۔حکام نے نوجوان کھلاڑیوں اور متعلقہ اداروں پر زور دیا ہے کہ مقررہ تاریخ سے قبل آن لائن رجسٹریشن مکمل کر کے پنجاب کے اس بڑے سپورٹس ایونٹ کا حصہ بنیں۔




