صحافیوں سے بدسلوکی آزادی صحافت پر حملہ ہے،شاہد علی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد پریس کلب کے گروپ لیڈر شاہد علی، صدر محمد بلال ڈوگر، سیکرٹری شوکت علی وٹو اور دیگر عہدیداران نے ضلع کونسل چوک پر تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاج کرنے والے فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ستھرا پنجاب) کے ملاز مین کی کوریج کے دوران سابق صدر فیصل آباد پر یس کلب جی اے تنویر کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے اور صحافتی فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی شدید مذمت کی ہے۔پریس کلب کے عہدیداران نے کہا کہ احتجاج کی کوریج کے دوران ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے مینجنگ ڈائریکٹر عابد بھٹی اور ان کے ہمراہ افراد نے صحافیوں کو کوریج سے روکنے اور مبینہ طور پر بدسلوکی کی کوشش کی، جو آزادی صحافت اور صحافیوں کے پیشہ ورانہ فرائض میں مداخلت کے مترادف ہے۔ ایسا رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ صحافی عوامی مسائل اجاگر کرنے اور حقائق عوام تک پہنچانے کے لیے اپنے فرائض انجام دیتے ہیں۔ کسی بھی سرکاری یا نجی ادارے کے افسر یا اہلکار کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ صحافیوں کو کوریج سے روکے یا ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرے۔ فیصل آباد پریس کلب آزادی صحافت پر کسی بھی قسم کے دبائو یا حملے کے خلاف متحد ہے اور صحافی برادری کے تحفظ اور باعزت پیشہ ورانہ ماحول کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گا۔پریس کلب کے عہدیداران نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور آئندہ صحافیوں کو فرائض کی انجام دہی کے دوران تحفظ فراہم کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں