زرعی یونیورسٹی میں ایلومنائی میٹ 27,26نومبر کو ہو گا

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) سابق طلبہ کے نیٹ ورک تعلیمی اداروں، پیشہ ور افراد، صنعت، سرکاری اداروں اور تحقیقی مراکز کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں جس کے ذریعے غذائی تحفظ اور معاشرے کی فلاح و بہبود سے متعلق ابھرتے ہوئے چیلنجز کے حل کے لیے مشترکہ اقدامات کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے یونیورسٹی کے سابق طلبہ کے اجتماع کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ایلومنائی میٹ 26 اور 27 نومبر کو منعقد ہوگا جبکہ یونیورسٹی کی کانووکیشن 25 نومبر کو ہوگی۔ اجلاس میں کنوینر اور ڈین زراعت پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ نے ایلومنائی میٹ اور کانووکیشن کے مجوزہ انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ سابق طلبہ کسی بھی یونیورسٹی کا اہم اثاثہ ہوتے ہیں، کیونکہ وہ اپنی تعلیمی قابلیت اور پیشہ ورانہ تجربے کو معاشرے کے مختلف شعبوں میں بروئے کار لاتے ہیں۔ یونیورسٹی کے ساتھ سابق طلبہ کا مسلسل رابطہ تعلیمی اور پیشہ ورانہ دنیا کے درمیان مضبوط روابط استوار کرنے کے ساتھ ساتھ مشترکہ تحقیق، جدت، انٹرن شپ، وظائف، کاروباری سرگرمیوں اور علمی تبادلے کے مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں