فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف آئی اے نے انسانی سمگلنگ اور حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث 7افراد کو گرفتار کر لیا۔ ایف آئی اے فیصل آباد کمپوزٹ سرکل کے ایس ایچ او اجمل حسین نے اپنی ٹیم کے ہمراہ امین پور بازار میں چھاپہ مار کر ملزم شیخ عثمان احمد کو گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے 3موبائل فونز’ ڈیجیٹل میڈیا اور ایک گاڑی قبضہ میں لے لی۔ جانچ پڑتال کرنے پر ملزم کے واٹس ایپ کمیونیکیشن کے جائزہ میں لاکھوں روپے اور AED’ RMB اور USD میں لین دین کا انکشاف ہوا، بازپرس جاری ہے۔ ایف آئی اے نے رضاآباد میں روشن ٹریولز پر چھاپہ مار کر ملزم ذیشان بخاری کو گرفتار کر لیا، اس کے قبضہ سے 15 پاکستانی پاسپورٹ برآمد ہوئے جو کہ پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات اپنے پاس رکھنے کا تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔ ایف آئی اے سرکل ساہیوال نے دو ٹریول ایجنٹ سہیل سرور اور محمد شبیر کو گرفتار کر لیا۔ انہوں نے دبئی کا ورک ویزا دلوانے کیلئے شہری سے 6لاکھ وصول کئے تھے، ویزہ نہ آیا۔ ایف آئی اے فیصل آباد نے ٹریول ایجنٹ محمد سلیم سکنہ ملتان کو حراست میں لے لیا جس نے شہری آصف سے 26لاکھ روپے’ اٹلی’ البانیہ کے ورک ویزا کیلئے وصول کر کے ویزا نہ دیا۔ ایف آئی اے نے سرگودھا میں کارروائی کرتے ہوئے ایجنٹ محمد رمضان کو گرفتار کیا جس نے شہری اسلم سے 35لاکھ اٹلی میں ملازمت دلوانے کیلئے وصول کیے تھے اور محمد نعیم کو گرفتار کیا جس نے شہری کو دبئی بھجوانے کیلئے 14لاکھ وصول کئے تھے۔




