مکوآنہ(نامہ نگار)تھانہ کھرڑیانوالہ پولیس نے ڈکیتی کی وارداتوں میں سرگرم چھ رکنی گینگ کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان میں گینگ کا سرغنہ اعجاز اور اس کے ساتھی مظہر، ذیشان، طارق، اورنگزیب اور شعمون شامل ہیں۔ پولیس نے کارروائی ایس ایچ او تھانہ کھرڑیانوالہ عاطف شہزاد کی سربراہی میں عمل میں لائی۔پولیس کے مطابق ملزمان کو ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلی جنس ذرائع کی مدد سے ٹریس کرکے گرفتار کیا گیا۔ دورانِ تفتیش ملزمان نے مختلف علاقو ں میں ڈکیتی اور راہزنی کی 24وارداتوں کا انکشاف کیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے وارداتوں کے دوران چھینے گئے 8موٹر سائیکلیں، موبائل فونز، رکشے، ایک بھینس اور نقدی سمیت دیگر سامان برآمد کرلیا، جبکہ مجموعی طور پر 60لاکھ روپے سے زائد مالیت کی برآمدگی کی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف تمام مقدمات میں ٹھوس شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور انہیں مکمل قانونی کارروائی کے بعد عدالت میں چالان کیا جائے گا۔ اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ کھرڑیانوالہ عاطف شہزاد نے کہا کہ شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔




