اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان ساڑھے 6کروڑ یورو کے معاہدوں پر دستخط ہوگئے۔ معاہدوں کے تحت پاکستان میں 3اہم ترقیاتی پروگرام شروع کیے جائیں گے۔ معاہدوں پرسیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیرکریم اور یورپی یونین کے سفیر ریمونڈاس کروبلیس نیدستخط کیے۔وزارت اقتصادی امور کے مطابق پروگراموں سے سرمایہ کاری، قانون کی حکمرانی اور کاروباری ماحول کو تقویت ملے گی، مالی معاونت سے توانائی اور ماحولیاتی استحکام کے اقدامات بھی آگے بڑھیں گے، گلوبل گیٹ وے پروگرام پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرے گا۔منصوبے کے تحت ٹیکس نظام اور طویل مدتی مالیاتی منصوبہ بندی بہتر بنائی جائے گی، خیبرپختونخوا کے آف گرڈ دیہی علاقوں میں قابلِ تجدید توانائی کو فروغ ملے گا، خیبرپختونخوا کے توانائی شعبیمیں نجی سرمایہ کاری اور شراکت بڑھائی جائیگی۔معاہدے کے تحت خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں شہریوں کی انصاف تک رسائی بہتر بنائی جائے گی، پنجاب اور سندھ میں متبادل اور تجارتی تنازعات کے حل کا نظام مضبوط ہوگا، پروگرام سے یورپی اور دیگر غیرملکی کمپنیوں کی سرمایہ کاری میں دلچسپی بڑھے گی۔سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے کہا کہ پروگرام پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری بڑھانے کے قومی ہدف سے ہم آہنگ ہیں، اقدامات سے دیہی علاقوں میں بجلی کی رسائی اور تجارتی تنازعات کا حل بہتر ہوگا۔ اس موقع پر سفیر یورپی یونین نے کہا کہ معاہدے پاکستان کی اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری میں معاونت کے عزم کا اظہار ہیں۔




