لاہور (بیوروچیف) پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں محصولات کی وصولی میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا ہے۔پی آر اے کے مطابق پہلی سہ ماہی کے دوران 87 ارب روپے کے محصولات جمع کیے گئے، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 66.3 ارب روپے وصول کیے گئے تھے، یوں محصولات میں 31 فیصد گروتھ ریکارڈ کی گئی۔چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا کی زیر صدارت اجلاس میں سالانہ محصولات کے اہداف، سیکٹر وار کارکردگی، ٹیکس ریٹرنز اور افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ٹیکس ادائیگی میں جعلسازی کرنے والے اداروں کے ریکارڈ کی مکمل چھان بین یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی، جبکہ ٹیکس نیٹ میں توسیع، ڈیجیٹل مانیٹرنگ، ای آئی ایم ایس کے نفاذ اور ٹیکس کمپلائنس بہتر بنانے کے اقدامات کو وصولیوں میں بہتری کی اہم وجوہات قرار دیا گیا۔چیئرمین پی آر اے نے کہا کہ ٹیکس ادائیگی میں خردبرد اور جعلی رسیدوں کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ محصولات کے نظام کو مزید شفاف اور موثر بنایا جا سکے۔




