لاہور (بیوروچیف) لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی حدود میں ملزمان کی گرفتاری پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے پولیس کو واضح ہدایت جاری کر دی ہے کہ کسی بھی شخص کو عدالت کے احاطے سے حراست میں نہ لیا جائے۔رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے آئی جی پنجاب پولیس کو جاری مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ ضمانت منسوخی سمیت کسی بھی صورت میں ملزم کو ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتار نہ کیا جائے۔مراسلے میں پولیس کو سال 2014، 2016 اور 2021 میں جاری عدالتی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کی بھی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ پنجاب بھر کے پولیس افسران اور اہلکاروں کو ان احکامات سے آگاہ کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔لاہور ہائیکورٹ نے پولیس کو مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے عدالتی احکامات پر عملدرآمد سے متعلق ابتدائی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔




