لاہور(بیوروچیف)محکمانہ احتساب کی مثال، نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والے اے ایس آئی پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔تفصیلات کیمطابق جیل روڈ پر خاتون کی گاڑی کو ٹکر مارنے کا واقعہ پیش آیا۔ تھانہ شادمان پولیس نے اے ایس آئی غافر نوید کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا۔ پولیس اہلکار پر تیز رفتاری، غفلت اور نشے کی حالت میں گاڑی چلانے کے الزامات ہیں۔ اے ایس آئی غافر نوید جوڈیشل ونگ میں تعینات تھا۔ غافر نویدنے خاتون کی گاڑی کے نقصان کے ازالے کے لیے 5لاکھ روپے ادا کر دیے۔ نقصان کا ازالہ ہونے پر خاتون اور پولیس اہلکار کے درمیان معاملہ باہمی رضامندی سے طے پا گیا۔ معاملہ طے پانے کے باوجود اہلکار کے خلاف محکمانہ انکوائری جاری رہے گی۔ ایس ایس پی آپریشنز لاہور واقعے کی غیرجانبدارانہ انکوائری کر رہے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ وردی قانون سے بالاتر ہونے کا اختیار نہیں دیتی،قانون کی پاسداری شہریوں اور پولیس اہلکاروں پر یکساں لازم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ الزام ثابت ہونے پر متعلقہ اہلکار کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔




