اسلام آباد (بیوروچیف) الیکشن کمیشن کا پنجاب اور کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق اجلاس ہوا اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کی۔ اجلاس میں معزز ممبران الیکشن کمیشن نثار احمد درانی، بابر حسن بھروانہ اور جسٹس (ریٹائرڈ) اکرام اللہ خان ، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ الیکشن کمیشن کو بریف کیا گیا کہ حکومت پنجاب نے الیکشن کمیشن کے خط کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت دسمبر میں گہری دھند اور سخت سرد موسمی حالات اور اس کے بعد فروری میں ماہ رمضان کے شروع ہونے کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات 3مرحلوں میں کروانا چاہتی ہے۔ جوکہ اپریل 2027میں ہونگے۔ الیکشن کمیشن نے حکومت پنجاب کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیا اور کہا کہ صوبائی گورنمنٹ کے ساتھ الیکشنز ایکٹ کی دفعہ (3)219کے تحت 20اگست کو مشاورتی عمل مکمل کرلیا گیا تھا۔ جس میں صوبائی حکومت نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 15دسمبر 2026سے 15جنوری 2027کے دوران کروانے پر رضامندی ظاہر کر دی تھی۔ اب صوبائی حکومت مذکورہ بالا تجویز کردہ تاریخوں کو تبدیل کروانا چاہتی ہے۔ الیکشن کمیشن نے اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا فیصلہ کیا اور فوری طور پرالیکشن شیڈول جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لہٰذا دفتر کو حکم دیا کہ پنجا ب میں بلدیاتی انتخابات کا ڈرافٹ الیکشن پروگرام الیکشن کمیشن کی منظوری کیلئے فوراً پیش کریں۔ مزید الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کو افسران کی لسٹ مہیا کرنے کا کہا تھا۔ تاکہ انہیں بطور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر تعینات کیا جاسکے۔ یہ لسٹیں ابھی تک مہیا نہ کرنے پر مایوسی کا اظہار کیا گیا اور صوبائی حکومت کو کہا کہ وہ ایک ہفتہ کے اندر یہ لسٹیں مہیا کریں۔الیکشن کمیشن کو کنٹونمنٹ انتخابات کے انعقاد سے متعلق بتایا گیا کہ ایڈیشنل سیکرٹری وزارت دفاع، ڈائریکٹر جنرل ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمنٹ ڈیپارٹمنٹ سے مورخہ 15اپریل 2026 کو مشاورتی اجلاس ہوا تھا۔ جس میں الیکشن کمیشن نے سیکرٹری وزارت دفاع کو کہا تھا کہ وہ فیڈرل گورنمنٹ کو سمری بھیجیں تاکہ فیڈرل گورنمنٹ کنٹونمنٹ ایکٹ 1924کی سیکشن 19(D) کے تحت الیکشن کمیشن کو کنٹونمنٹس کے انتخابات کے انعقاد کی باقاعدہ درخواست کرے تاکہ الیکشن کمیشن کنٹونمنٹس میں انتخابات کا شیڈول دے سکے۔ اس سلسلے میں وزارت دفاع کو کئی یاددہانی خطوط لکھے گئے اور چیف الیکشن کمشنر کی طرف سے جناب وزیر اعظم کو بھی اس سلسلے میں خط ارسال کیا گیا لیکن کہیں سے بھی کوئی خاطرخواہ جوا ب موصول نہیں ہوا۔ اس کیس میں بھی الیکشن کمیشن نے اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کنٹونمنٹس میں انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ کیا اور الیکشن شیڈول فوری طورپر دینے کا فیصلہ کیا۔ لہٰذا دفتر کو حکم دیا کہ کنٹونمنٹس میں انتخابات کا الیکشن پروگرام فوری طورپر الیکشن کمیشن کو منظوری کیلئے پیش کیا جائے۔




