فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ روشن والا کے علاقہ251رب بنڈالہ کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران بین الاضلاعی ڈکیت گینگ رکن اور مشہور ڈکیت عرفان عرف فانی لوہار کا ریکارڈ یافتہ بھائی رمضان لوہار اپنے انجام کو پہنچ گیا جبکہ اس کے دو ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے اس کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او تھانہ روشن والا شاہد پرویز نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم مردہ حالت میں پڑا تھا جبکہ اس کے دو ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔ مرنے والے ڈاکو کی شناخت رمضان لوہار کے نام سے ہوئی جوکہ ریکارڈیافتہ اور پولیس کو 39وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا اور اس نے اپنا گروہ بنایا ہوا تھا جو کہ آئے روز وارداتیں کرتے تھے اور مرنے والے ڈاکو نے 2023ء میں تھانہ ٹھیکریوالہ پولیس اہلکار سے سرکاری رائفل بھی چھینی تھی اور ہلاک ڈاکو کے قبضہ سے 9 روز قبل واردات کے دوران چھینی جانے والی موٹرسائیکل BHP-8345 اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ مرنے والا ڈکیت بین الاضلاعی ڈکیت عرفان عرف فانی لوہار کا بھائی ہے۔ سی پی او تنویر حسین نے خطرناک ڈکیت کو مقابلہ میں پار کرنیوالے ایس ایچ او تھانہ روشن والا انسپکٹر رائے شاہد اور انکی ٹیم کو شاباش اور انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔




