جڑانوالہ (نامہ نگار) جڑانوالہ صفائی کے کاموں میں مسلسل غفلت پر سینٹری سپر وائزر ملازمت سے بر طرف،تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ”ستھرا پنجاب” پروگرام کے تحت صفائی کے معیار کو بہتر بنانے اور عوامی شکایات کے ازالے کیلئے بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ ضیااللہ گوندل نے یونین کونسل نمبر 33 کا دورہ کیا۔دورے کے دوران علاقے میں صفائی کے ناقص انتظامات اور فرائض میں شدید غفلت برتنے کا نوٹس لیا گیا۔قبل ازیں متعدد بار وارننگز دیے جانے کے باوجود صفائی کی صورتحال میں بہتری نہ لانے اور فرائض میں عدم دلچسپی پر مجاز اتھارٹی (Competent Authority) کی منظوری سے سینٹری سپروائزر یونین کونسل 33(اے آر سی) رحمان الیاس کو فوری طور پر ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر ضیا اللہ گوندل کا کہنا ہے کہ ستھرا پنجاب مشن میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ناقص کارکردگی کے حامل اہلکاروں کے خلاف سخت قانون کے مطابق ایکشن جاری رہے گا۔




