فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد نے لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت قبل ازگرفتاری خارج ہونے پر بیرون ملک برطانیہ میں ملازمت’ ویزوں کے نام پر فراڈ میں ملوث دو ملزمان فیضان ارشاد اور علی حسن کو گرفتار کر لیا، ملزمان کیخلاف شکایات کنندہ رضوان جاوید نے بتایا کہ اسکی اہلیہ اور بیٹے کو بیرون ملک برطانیہ میں شہریت اور ویزے فراہم کرنے کیلئے 13 کروڑ 41لاکھ 56ہزار 663 روپے کی رقم وصول کرنے کا الزام تھا۔ ایف آئی اے نے مذکورہ ملزمان کیخلاف امیگریشن ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تو ملزمان روپوش ہو گئے تھے۔ بعدازاں معلوم ہوا کہ ملزمان نے لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت قبل ازگرفتاری کروا رکھی ہے۔ تاہم گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے مذکورہ ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کی تو ایف آئی اے ٹیم نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔




