ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل مقررہ مدت میں یقینی بنائی جائے،ڈپٹی کمشنر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے ڈی ٹائپ پل پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کرکٹ ارینا اور ڈی ٹائپ پل سے ناولٹی پل تک زیر تعمیر واک وے ٹریک کا دورہ کیا۔ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی دلاور خان اور دیگر افسران ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے مکمل ہونے والے کرکٹ ارینا کا معائنہ کرتے ہوئے منصوبے کے تحت شہریوں کو فراہم کی جانے والی کھیلوں اور تفریحی سہولیات کا جائزہ لیا۔ کرکٹ ارینا میں دن اور رات کے اوقات میں کھیلنے کی سہولت دستیاب ہوگی جس سے شہریوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔انہوں نے ڈی ٹائپ پل سے ناولٹی پل تک زیر تعمیر واک وے ٹریک کے کام کا بھی معائنہ کیا اور منصوبے کو ایک ماہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ ٹریک پر شہریوں کی سہولت کے لئے بینچز، کوڑا دان اور عبادت کے لئے مخصوص جگہ فراہم کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں تعمیراتی معیار برقرار رکھنے کے ساتھ مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں کو کھیلوں، چہل قدمی اور تفریح کے لئے بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں