نعت اکیڈمی فیصل آباد کے زیر اہتمام مقابلہ نعت خوانی

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)نعت اکیڈمی فیصل آباد کے زیر اہتمام میونسپل لائبریری، نڑوالا چوک فیصل آباد میں مقابلہ نعت خوانی کا انعقاد کیا گیا، جس میں فیصل آباد سیکنڈری اسکول کے طلبہ نے حصہ لیا اور بارگاہِ رسالت مآب ۖ میں عقیدت و محبت کے نذرانے پیش کیے۔ تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں نقد انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں تقریب میں شیخ اعجاز، امجد حسین قریشی، نوید نورانی اور محمد خان چشتی، بخش الہی ،محمد ارشد ویو سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی، جبکہ ریاض حسین انجم، ایڈمنسٹریٹر نعت اکیڈمی فیصل آباد، بھی موجود تھے۔ مقررین نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے نعت خوانی کے فروغ اور نئی نسل کی دینی و اخلاقی تربیت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ نعت خوانی حضور نبی کریم حضرت محمد مصطفی ۖ سے محبت، عقیدت اور وابستگی کے اظہار کا ایک خوبصورت ذریعہ ہے۔ نعتِ رسول مقبول ۖ دلوں میں عشقِ رسول ۖ کی شمع روشن کرتی ہے اور ہمیں سیرتِ طیبہ کے مطابق زندگی گزارنے کا درس دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو اسلامی تعلیمات، سیرت النبی ۖ اور اعلی اخلاقی اقدار سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تعلیمی اداروں میں اس نوعیت کی دینی و ادبی سرگرمیوں کے انعقاد سے طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ان میں مثبت رجحانات کو فروغ دینے میں مدد ملتی ہے۔مقررین نے نعت اکیڈمی فیصل آباد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات نوجوان نسل میں عشقِ رسول ۖ، دینی شعور اور اسلامی اقدار کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیرت النبی ۖ اور تعلیماتِ نبوی ۖ کو عام کرنے کے لیے ایسی مثبت سرگرمیوں کا انعقاد جاری رہنا چاہیے۔تقریب کے اختتام پر مقابلے میں حصہ لینے والے اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں نقد انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ شرکا نے نعت اکیڈمی فیصل آباد کی اس کاوش کو سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں