فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر)ستارہ امتیاز و تمغہ امتیاز(کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ کی زیر نگرانی سینٹرل ریسکیو اسٹیشن فیصل آباد میں کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیمز (CERT) چیلنج کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع بھر کی مختلف تحصیلوں کی یونین کونسلز کے تربیت یافتہ رضاکاروں نے بھرپور شرکت کی۔چیلنج میں متاثرین کی درجہ بندی، ابتدائی طبی امداد، آگ بجھانے، عمارتوں میں پھنسے افراد کی تلاش و بحالی اور پانی میں ڈوبنے والے افراد کو ریسکیو کرنے کی عملی مشقیں شامل تھیں۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ نے کہا کہ CERT پروگرام کا مقصد کمیونٹی رضاکاروں کو تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو 1122 کی آمد سے قبل قیمتی انسانی جانیں بچانے کے لیے مثر اقدامات کیے جا سکیں۔مقابلے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیم پنجاب ایمرجنسی سروسز اکیڈمی لاہور میں منعقد ہونے والے نیشنل CERT چیلنج میں فیصل آباد کی نمائندگی کرے گی۔




