پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے انتخابات غیر قانونی قرار

اسلام آباد(سپورٹس نیوز )اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے 24اکتوبر 2025ء کو ہونے والے انتخابات غیر قانونی قرار دیتے ہوئے 90 روز میں نئے انتخابات کرانے کا حکم دے دیا۔جسٹس اعظم خان نے امتیاز گل اور دیگر کی درخواست پر فیصلہ جاری کیا۔عدالت نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کو الیکشن کمیشن نوٹیفائی کرکے اپنے آئین کے رول 17کے مطابق نئے انتخابات کرانے کا حکم دیا ہے۔ عدالت کے مطابق انتخابی شیڈول کے اعلان سے نتائج کے اعلان تک تمام عمل 90روز میں مکمل کیا جائے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے انتخابی عمل مکمل ہونے تک وزارت بین الصوبائی رابطہ کے ایڈیشنل سیکرٹری کی سربراہی میں ایڈہاک کمیٹی قائم کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔عدالتی حکم کے مطابق ڈائریکٹر نیشنل سپورٹس فیڈریشنز پاکستان اسپورٹس بورڈ کو ایڈہاک کمیٹی کا ممبر شامل کیا جائے گا، جبکہ پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان سے ایک ایک سابق بیڈمنٹن چیمپئن کو بھی کمیٹی میں شامل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔عدالت نے حکم دیا کہ پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کی نئی باڈی کے چارج سنبھالنے تک ایڈہاک کمیٹی فیڈریشن کے روزمرہ امور چلائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں