ساہیوال(بیورو چیف) ساہیوال شہر میں سموگ کا راج شہری مختلف امراض میں مبتلا ہونے لگے، آلودہ فضاء کی وجہ سے عوام شدید مشکلات کا شکار نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی،دمہ کھانسی اور آنکھوں کی پیاریاں پھیلنے لگیں۔تفصیلات کے مطابق ساہیوال اور اس کے گردو نواح میں گذشتہ کئی روز سے دھند اسموگ کا سلسلہ جاری ہے شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر فضائی آلودگی پر بروقت قابو نہ پایا گیا تو اس کے اثرات انسانی صحت کے لیے مزید خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔ماہرین صحت کے مطابق سموگ کے مضر اثرات سب سے زیادہ معصوم بچوں، بزرگ شہریوں، حاملہ خواتین، دمہ، الرجی اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد پر مرتب ہوتے ہیں جبکہ دل اور پھیپھڑوں کے مریضوں کے لیے بھی آلودہ فضا انتہائی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔ سموگ میں موجود باریک آلودہ ذرات سانس کے ذریعے پھیپھڑوں میں داخل ہو کر کھانسی، گلے میں خراش، آنکھوں میں جلن، ناک بہنے، سانس لینے میں دشواری اور سینے میں بھاری پن جیسی شکایات پیدا کر سکتے ہیں۔ پہلے سے مختلف بیماریوں میں مبتلا افراد کی طبیعت مزید بگڑنے کا خدشہ بھی رہتا ہے۔شہری حلقوں کے مطابق ساہیوال میں فضائی آلودگی کی وجوہات صرف گاڑیوں اور فیکٹریوں سے نکلنے والا دھواں ہی نہیں بلکہ ہوٹلوں، ریسٹورنٹس، باربی کیو پوائنٹس اور دیگر کمرشل مراکز میں استعمال ہونے والی لکڑی اور کوئلے کی بھٹیوں سے اٹھنے والا دھواں بھی ماحول کو آلودہ کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ شہریوں نے مزید مطالبہ کیا کہ شہر کے مختلف مقامات پر ایئر کوالٹی کی مسلسل نگرانی کے لیے مانیٹرنگ نظام فعال کیا جائے، سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ، صفائی کے بہتر انتظامات اور بڑے پیمانے پر شجرکاری یقینی بنائی جائے۔ اس کے ساتھ عوامی آگاہی مہم بھی چلائی جائے تاکہ شہری سموگ سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کر سکیں۔




