جڑانوالہ(نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ”آٹا ریلیف پیکیج” کے تحت ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ نے کھرڑیانوالہ میں فلور ملز اور مختلف شاپس کا اچانک دورہ، آٹے کی فراہمی اور قیمتوں کا جائزہ لیا،دورے کا بنیادی مقصد عوام الناس کو سستے اور معیار پر پورا اترنے والے آٹے کی بلا تعطل فراہمی، سستے آٹے کے اسٹاک اور ریٹیل پوائنٹس پر شفاف تقسیم کا خود جائزہ لینا تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے ریلیف پیکیج کا فائدہ بلا تاخیر عام آدمی تک پہنچنا چاہیے، سپلائی چین میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ آٹے کے تھیلوں کا وزن اور کوالٹی بالکل معیار کے مطابق ہونی چاہیے، خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔گندم یا آٹے کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں یا مقررہ قیمت سے زائد وصول کرنے والے عناصر کے خلاف فوری FIRاور بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو بنیادی خوراک اور ضروری اشیا کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے اور اس سلسلے میں نگرانی کا عمل روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا۔




