سرگودھا ( بیورو چیف) کمشنر سرگودھا ڈویژ ن حافظ شوکت علی نے ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن اشفاق الرحمن خان کے ہمراہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بھلوال کا اچانک دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بھلوال بھی موجود تھے۔کمشنر نے ہسپتال میں زیرِ علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور علاج معالجے کے انتظامات کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے مریضوں سے طبی عملے کے رویے اور علاج کی سہولیات کے حوالے سے بھی دریافت کیا۔کمشنر حافظ شوکت علی نے ہسپتال میں مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی، صفائی ستھرائی اور علاج معالجے کے مؤثر انتظامات کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس ضمن میں سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔




