فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) محکمہ لائیو سٹاک کی زیر نگرانی100ج۔ب میں منعقدہ بھینس دودھ میلہ میں چک 123ج۔ب سدھو پورہ کے گوالہ رانا اکرام نے میدان مار لیا۔ بڑی بھینس دودھ مقابلہ میں عجوہ نامی بھینس نے 49.490 کلوگرام دودھ دیکر ایک لاکھ روپے کا انعام جیتا۔علاوہ ازیں دو دانت،چاردانت مقابلہ میں بھی رانا اکرام کی بھینس قمرہ نے38.600 کلوگرام دودھ دیا اور125سی سی ہنڈا موٹر با ئیک جیتی۔بڑی بھینس مقابلہ میں ارحم گجر ساہیوال کی بھینس مورنی اور سدھو پورہ کے رانا عدیل کی بھینس چن ٹو نے مشترکہ طور پر44.235 کلوگرام دودھ کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی اور 50/50 ہزار روپے کے ساتھ 125 ہنڈا موٹر سائیکل کا انعام بھی حاصل کیا۔مقابلہ میں لاہور سے ملک سیف اعوان کی بھینس رتاں نے 43.255 کلوگرام دودھ دیا اور تیسری پوزیشن پرمالک کو70 سی سی موٹر سائیکل کا انعام ملا۔دو دانت،چار دانت مقابلہ میں چک 208 ر۔ب کے رانا عبدالرحمان کی بھینس نکی ہرنی نے 36.780 کلوگرام دودھ دیکر دوسری پوزیشن اور70 سی سی ہنڈا موٹر بائیک اور سدھو پورہ کے رانا اکرام کی بھینس قصوہ نے 33.975 کلوگرام اور رانا اکرام کی ہی بھینس ورد نے 31.095 کلوگرام دودھ دیکر باالترتیب تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل اور70 سی سی موٹر بائیک اور ایل سی ڈی کا انعام جیتا۔ مشیر وزیراعظم پاکستان برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ خاں اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔رکن صوبائی اسمبلی ظفر اقبال ناگرہ،حاجی شوکت ڈوگر،ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر سہیل انجم کے علاوہ چوہدری علیم گل،مجاہد سلیم گل،رانا شہباز خان،میاں عتیق،چوہدری عطا محمد گجر، عمران سیال،شاہ نواز ملہی، چوہدری وسیم گل،سنی گجر اور دیگر موجود تھے۔مہمان خصوصی نے پوزیشن ہولڈرز گوالوں میں انعامات تقسیم کئے اور مقابلہ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ ایسے صحت مندانہ مقابلے تسلسل سے جاری رہنے چاہیں۔




