ساہیوال (بیوروچیف ) ساہیوال میں ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں مبینہ طور پر من مانا اضافہ کر دیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث گیس فروخت کرنے والے بعض دکاندار و ں نے سرکاری نرخ نامے کو نظر انداز کرتے ہوئے مبینہ طور پر سرکاری مقرر کردہ قیمت سے دوگنا نرخوں پر ایل پی جی گیس فروخت کرنا شروع کر دی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے ہاتھوں پہلے ہی پریشان عوام کو اب گیس مافیا نے بھی دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر دیا ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جب حکومت کی جانب سے سرکاری نرخ مقرر کیے جاتے ہیں تو ان پر عملدرآمد کروانے کی ذمہ داری کس ادارے کی ہے؟آخر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ پرائس کنٹرول افسران کہاں ہیں؟شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ساہیوال، اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ سول ڈیفنس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی گیس کی دکانوں پر فوری چھاپے مارے جائیں، سرکاری نرخ نامے آویزاں کروائے جائیں، وزن اور قیمت کی جانچ کی جائے اور زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق بھاری جرمانے اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔عوامی مطالبہ ہے کہ سرکاری نرخ نامے پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے، ورنہ مہنگائی سے پریشان شہری اسی طرح لٹتے رہیں گے۔




