کراچی (شوبز نیوز) معروف گلوکار شفقت امانت علی نے کہا ہے کہ وہ گزشتہ دو برس سے کینسر جیسے موذی مرض سے نبرد آزما ہونے کے بعد اب تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں، تاہم اسٹیم سیل تھراپی سمیت علاج کا سلسلہ تاحال جاری ہے اور اعلان کیا کہ صحت یابی کے بعد وہ دوبارہ موسیقی کی دنیا میں واپسی کرتے ہوئے کنسرٹس میں پرفارم کریں گے۔کراچی کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معروف گلوکار شفقت امانت علی نے بتایا کہ بیماری کے ابتدائی ایام میں انہوں نے مختلف ڈاکٹروں سے علاج کروایا، تاہم بعد ازاں ملٹی پل مائیلوما کی تشخیص ہوئی، جس کے بعد کراچی کے نجی اسپتال میں علاج کا سلسلہ شروع کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ گلوکاری کی مصروف زندگی گزارنے کے بعد بیماری کے باعث طویل عرصے تک بستر پر رہنا ان کے لیے خاصا مشکل تجربہ تھا۔




