لاہور (بیوروچیف) پنجاب میں صلح صفائی اور ثالثی کی صدیوں پرانی روایات کے احیا کے لیے پنچائیت نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا، وزیراعلی مریم نواز شریف نے صوبے میں پنچائیت نظام کے قیام کی اصولی منظوری دے دی۔وزیراعلی مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں پنچائیت نظام کے قیام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ یونین کونسل، موضع، علاقے اور گائوں کی سطح پر پنچائیت کمیٹیاں قائم کی جائیں گی، جو فریقین کی باہمی رضامندی سے تنازعات حل کریں گی۔ڈپٹی کمشنر غیر جانبدار اور مستقل رہائشی افراد کو پنچائیت کا رکن مقرر کرے گا، جبکہ ارکان کا انتخاب نیک نامی اور غیر جانبداری کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ پنچائیت نظام کے ذریعے خواتین، اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کے لیے انصاف تک رسائی آسان بنانے کی کوشش کی جائے گی۔بریفنگ میں واضح کیا گیا کہ پنچائیت کا نظام مقررہ قانونی حدود کے اندر کام کرے گا اور اس کے ساتھ عدالتی دائرہ اختیار بھی برقرار رہے گا۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے پنچائیت پروگرام کے لیے رولز اور پالیسی گائیڈ لائنز پر مشتمل جامع پلان طلب کرتے ہوئے پنچائیت کے اختیارات کے تعین کے لیے واضح قواعد و ضوابط مرتب کرنے کی ہدایت کی۔مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ تنازعات کو باہمی افہام و تفہیم اور مکالمے کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے، معاشرتی ثالثی کے ذریعے چھوٹے موٹے جھگڑے نمٹانا ہماری پرانی روایت ہے۔




