کراچی (بیوروچیف) پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کے لیے حکومت نے مجموعی طور پر تقریباً 2ارب18کروڑ62لاکھ روپے کی لاگت منظور کی ہے۔ سرکاری بجٹ دستاویزات کے مطابق مالی سال 2025-26 میں اس منصوبے کے لیے نظرثانی شدہ تخمینہ 90 کروڑ روپے تھا، جبکہ مالی سال 2026-27 کے لیے تقریبا ایک ارب 29 کروڑ 9 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ یہ رقم پورے پاکستان مینڈ اسپیس مشن کی منصوبہ جاتی لاگت ہے، یہ صرف ایک خلا باز کی خلائی پرواز کا خرچ یا چین کو ادا کی گئی رقم نہیں۔کسی بھی مستند سرکاری ذریعے چینی خلائی ایجنسی CMSA یا پاکستان کی اسپارکونے اس مشن پر آنے والے اخراجات یا پاکستان کی جانب سے کیے گئے اخراجات کی کوئی سرکاری تعداد جاری نہیں کی۔رپورٹس کے مطابق، راکٹ، خلائی جہاز، تربیت اور دیگر سہولیات کا خرچ چین برداشت کر رہا ہے۔ ایک رپورٹ میں تو یہاں تک کہا گیا ہے کہ چین تربیت اور حلال خلائی کھانے کا خرچ بھی خود اٹھا رہا ہے۔پاکستان اور چین نے 28 فروری 2025 کو انسانی خلائی پرواز کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ کیا تھا، جس کے تحت دو پاکستانی پائلٹ محمد ذیشان علی اور خرم داود منتخب کیے گئے اور انہیں چین میں خصوصی تربیت دی گئی۔




