کمالیہ(نامہ نگار)رجانہ روڈ کے ایک جانب ماڈل ریڑھی بازار کے قیام کا کام اسسٹنٹ کمشنر اقرا ناصر اور چیف آفیسر علی رضا کی نگرانی میں تیزی سے جاری ہے ۔ ضلعی انتظامیہ کے اس اہم منصوبے کا مقصد شہر بھر میں فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر موجود ریڑھیوں کو منظم انداز میں ایک مخصوص مقام پر منتقل کرنا ہے ، تاکہ ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے ، شہریوں کو خریداری کے لیے صاف ستھرا ماحول مل سکے اور تجاوزات کے مستقل خاتمے کو ممکن بنایا جا سکے ۔انتظامیہ کے مطابق ریڑھی بازار میں شہریوں کے لیے فروٹ اور سبزیاں معیاری اور مناسب نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔ اس مقصد کے لیے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ایک ہی مقام پر سستی اور معیاری اشیا میسر آ سکیں۔مزید برآں، منصوبے میں لائن مارکنگ، صفائی کے بہترین انتظامات اور روشنی کے مثر نظام کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ اسسٹنٹ کمشنر اقرا ناصر نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی ہے کہ تعمیراتی کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی میں کوئی تاخیر نہ ہو۔شہری حلقوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ماڈل ریڑھی بازار کے قیام سے نہ صرف خریداری کا بہتر ماحول فراہم ہوگا بلکہ ٹریفک مسائل میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔




