لاہور(بیورو چیف)لاہور میں پولیس نے اے ٹی ایم مشینوں پر نوسر بازی کرنے والے گینگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر کے ملزمان سے نقدی و ناجائز اسلحہ برآمد کرلیا۔ایس پی اقبال ٹائون سدرہ خان نے بتایا کہ ملزمان اے ٹی ایم مشینوں پر بزرگ شہریوں اور پنشنرز کو مشین خراب ہونے کا جھانسہ دے کر ان کی رقم نکال لیتے تھے۔انہوں نے بتایا کہ ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کر کے متاثرہ خاتون کومل اکرام کی رقم برآمد کر کے اسے واپس کر دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دوران تفتیش ملزمان نے شہر کے مختلف علاقوں میں اے ٹی ایم فراڈ کی متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔ پولیس کے مطابق تمام شواہد کی روشنی میں چالان مکمل کر کے ملزمان کو سخت سزا دلوانے کی کوشش کی جائے گی۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کیلئے تعریفی اسناد کا اعلان بھی کیا جبکہ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔




