فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے بھرپور آپریشن کرتے ہوئے آر ٹی او فیصل آباد میں معروف برانڈز کی ڈسٹری بیوشن کمپنی کے ٹیکس نادہندہ ‘ تمام دفاتر، گوداموں اور مرکزی گیٹس کو مکمل طور پر سیل کر دیا۔ مذکورہ کمپنی غلام رسول گوندل، منظور حسین گوندل اور محمد علی کی ملکیت ہے اور گولڈن پرل، کیئر بیوٹی، کولگیٹ پامولیو اور ٹپال دانے دار چائے کی ڈسٹری بیوشن کرتی ہے۔ ایف بی آر حکام کے مطابق کمپنی پر تقریبا 80 لاکھ روپے کے واجبات واجب الادا تھے اور عدم ادائیگی پر پہلے بھی پراپرٹی سیل کی جا چکی تھی تاہم مالکان نے مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے سیڑھیاں لگا کر دوبارہ کاروبار شروع کر رکھا تھا۔ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ایف بی آر نے فورس کے ساتھ دوبارہ کارروائی کی اور تمام راستے، دفاتر اور گودام سیل کر دیے۔ ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران شدید مزاحمت بھی کی گئی تاہم ایف بی آر ٹیم نے قانون نافذ کرتے ہوئے آپریشن کامیابی سے مکمل کیا۔ شہری حلقوں نے ٹیکس چوروں کے خلاف سخت کارروائی پر ایف بی آر ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔




