فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) کے زیر اہتمام کمیونٹی کی شراکت سے ”نیو ویژن” کے تحت شجرکاری کے ایک جامع منصوبے پر عملدرآمد کے لئے اقدامات کو آگے بڑھایا جا رہا ہے جس کے تحت ایف ڈی اے سٹی میں بڑی تعداد میں مختلف اقسام کے پھل دار پودے لگائے جائیں گے اس مقصد کے لیے ایف ڈی اے سٹی میں موجود وسیع و عریض موزوں مقامات کی نشاندہی کر لی گئی ہے جہاں مرحلہ وار شجرکاری کی جائے گی۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے اپنے دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران بتائی جس میں پراجیکٹ ڈائریکٹر ایف ڈی اے سٹی و ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ سہیل مقصود پنوں، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ اور دیگر افسران شریک تھے۔ اس موقع پر شجرکاری کے فروغ میں گہری دلچسپی رکھنے والے مقامی کاروباری شخصیت شیخ محمد عارف نے ایف ڈی اے سٹی میں اپنی معاونت سے بڑی تعداد میں پھل دار پودے لگانے کی پیشکش کی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے شیخ محمد عارف کی پیشکش کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے سماجی ذمہ داری اور ماحول دوستی کی بہترین مثال قرار دیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شجرکاری کے منصوبے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے، ماہرین کی مشاورت سے موزوں اقسام کے پھل دار پودوں کا انتخاب، شجرکاری کا مرحلہ وار شیڈول تیار اور پودوں کی حفاظت، آبپاشی اور مستقل نگہداشت کے موثر انتظامات یقینی بنائے جائیں تاکہ لگائے جانے والے پودے ثمر آور اور تناور درختوں کی صورت اختیار کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے نمٹنے، فضائی آلودگی میں کمی، درجہ حرارت کو معتدل رکھنے اور شہریوں کو صحت مند و خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے لیے شجرکاری ناگزیر ہے۔ پھل دار درخت ماحول کو خوبصورت و سرسبز بنانے کے ساتھ ساتھ، حیاتیاتی تنوع کے فروغ اور غذائی وسائل میں اضافے کا بھی اہم ذریعہ ہیں یہی وجہ ہے کہ ایف ڈی اے سٹی میں شجرکاری کو ترقیاتی منصوبوں کا لازمی جزو بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیو ویژن کے تحت کمیونٹی کی شراکت سے اس منصوبے کو ایک پائیدار ماڈل بنایا جائے گا تاکہ شہریوں میں درخت لگانے اور ان کی حفاظت کا شعور بھی فروغ پائے۔ انہوں نے مخیر حضرات، کاروباری برادری، صنعتی اداروں، تعلیمی اداروں اور سماجی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ شجرکاری مہم میں بھرپور تعاون کریں کیونکہ سرسبز ماحول کا قیام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ شجرکاری کے اس منصوبے کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گا اور ایف ڈی اے سٹی کو پھل دار درختوں، سرسبز مناظر اور ماحول دوست ترقی کی ایک عمدہ مثال بنایا جائے گا۔




