فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف ڈی اے کے ون ونڈو کائونٹر کے ذریعے گزشتہ 11ماہ کے دوران مجموعی طور پر 2348درخواست گزاروں کو ریلیف فراہم کیا گیا جبکہ 64درخواستیں مختلف شعبوں میں زیر کارروائی ہیں۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس کے دوران بتائی گئی جس میں ون ونڈو کائونٹر کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈائریکٹرز اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، سہیل مقصود پنوں، ڈائریکٹر ٹان پلاننگ اسما محسن، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی/ انچارج ون ونڈو کائونٹر عبداللہ نور و دیگر افسران موجود تھے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ماہ جنوری سے نومبر 2025 تک 1290 درخواست گزاروں کو شعبہ اسٹیٹ مینجمنٹ ون سے متعلق تیز رفتار سروسز فراہم کی گئیں جبکہ ٹان پلاننگ ون کے امور کے بارے میں 762 درخواستیں نمٹائی گئیں۔ شعبہ ٹان پلاننگ ٹو کے حوالے سے شہریوں کی 223 درخواستوں پر محکمانہ سروسز فراہم کی گئیں۔ اسی عرصہ کے دوران کچی آبادیوں کے امور کے بارے میں 73 درخواستوں پر محکمانہ کارروائی مکمل کی گئی۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ ون ونڈو کائونٹر کے ذریعے تیز رفتار ریلیف کے حوالے سے جو سروسز فراہم کی گئیں ان میں رہائشی و کمرشل بلڈنگ پلان و کمرشلائزیشن کی منظوری، جائید ادوں کی منتقلی، اونر شپ کلیئرنس سرٹیفکیس، ٹی پی رپورٹس، قبضہ سلپ، عمارتوں کے تعمیر کے تکمیلی سرٹیفکیٹس اور مختلف این اوسی کے اجرا سمیت قبضہ مافیا، تجاوزات، غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف عوامی شکایات پر محکمانہ کارروائی اور دیگر نوعیت کی درخواستیں شامل ہیں۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے ون ونڈو کائونٹر کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی سروس ڈیلیوری کی رفتار مزید بہتر بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے اصلاحات پر ذمہ داری سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی آن لائن سسٹم کے ذریعے سروسز کی درخواست گزاروں کے گھروں تک رسائی دینے کیلئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے اقدامات کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے تمام شعبوں کے انچارج افسران سے کہا کہ وہ ماتحت سٹاف کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھیں اور شہریوں کی درخواستوں پر محکمانہ کارروائی کی روزانہ پڑتال کریں تاکہ کوئی درخواست/ فائل بلاجواز زیر التوا نہ رہے۔




